انڈونیشیا میں اسلامک اسکول کی عمارت گرنے کا حادثہ، اموات کی تعداد 54 ہوگئی

جکارتہ: انڈونیشیا میں گزشتہ ہفتے بورڈنگ اسلامک اسکول کی عمارت گرنے کے واقعے میں ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 54 ہو گئی۔انڈونیشیا کے جزیرے جاوا کے شہر سیدوارجو میں اسلامک اسکول کی عمارت گرنے کے بعد شروع کیا جانے والا ریسکیو آپریشن 90 فیصد مکمل کر لیا گیا ہے اور ملبے تلے دبے 54 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 13 افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہیں جن کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے ملبے کے نیچے دبے ہوئے افراد کو تلاش کرنے میں مدد کرنے والے جدید ترین آلات کا استعمال کیا مگر ملبے تلے دبے افراد کے زندہ ہونے کے کوئی آثار نہ ملے۔خیال رہے کہ چند روز قبل انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں ایک اسلامک اسکول کی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی جس میں درجنوں بچوں سمیت 50 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے تھے۔



