بین الاقوامی
Trending

رواں برس کی پہلی ششماہی میں عمرہ زائرین کی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز

سعودی عرب میں وزارتِ حج و عمرہ کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ رواں برس عمرہ سیزن کے آغاز سے گزشتہ ماہ کے اختتام تک اندرونی وبیرونی عمرہ زائرین کی تعداد 38 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج وعمرہ کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ عمرہ کے لیے آنے والے زائرین کی تعداد گزشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔رپورٹس کے مطابق بیرونی ملک سے عمرہ ویزے پر 28 لاکھ زائرین مملکت پہنچے اور عمرے کی سعادت حاصل کی، مملکت پہنچنے والے عمرہ زائرین کا تعلق 135 ممالک سے تھا۔بیرونی ممالک سے آنے والے زائرین نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی حاضری دی۔وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق رواں برس عمرہ سیزن کے دوران گزشتہ برس کے مقابلے میں عمرہ کے لیے آنے والے زائرین کی تعداد میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزارتِ حج و عمرہ کی جانب سے عمرہ کے لیے آنے والے زائرین کو بہترین خدمات کی فراہمی کی یقین دہانی کے لیے تفتیشی ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں جو عمرہ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں کو مسلسل مانیٹر کرتی ہیں۔اس کے علاوہ سعودی عرب آنے والے زائرین کی سہولت اور کسی بھی شکایت کے ازالے کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ذیلی دفاتر اور حرمین شریفین کے باہر کیبنزمیں اہلکار تعینات کیے جاتے ہیں۔واضح رہے کہ مملکت میں وزارت حج وعمرہ کی جانب سے مختلف ممالک کے ساتھ حج 1447 ہجری کی تیاریوں کے حوالے سے ہونے والے اجلاسوں کا سلسلہ مکمل ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق وزارتِ حج کی جانب سے اس سال حج 1447 کی خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے اور بروقت معاملات کو مکمل کرنے کے حوالے سے 75 سے زیادہ ممالک کے حکام کے ساتھ ورچوئل اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button