چینی کوسٹ گارڈ کے جہاز تائیوان کی حدود میں داخل، تناؤ میں اضافہ
تائیوان نے لگاتار دوسرے دن اپنے پانیوں میں داخل ہونے والے چینی کوسٹ گارڈ کے جہازوں کو حدود میں داخل نہ ہونے کا انتباہ دیا ہے جہاں ان پانیوں میں جہازوں کے داخل ہونے سے خطے میں تناؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق تائیوان کے کوسٹ گارڈ نے کہا کہ ہفتے کی صبح 4بجے چینی کوسٹ گارڈ کی کشتیاں تائیوان کے زیر کنٹرول کنمین جزیروں کے پانیوں میں داخل ہوئیں، اس موقع پر تائیوان کے حکام کی جانب سے انہیں وہاں سے جانے کے لیے کہا گیا لیکن اس کے باوجود وہ وہاں ایک گھنٹہ تک رکی رہیں۔جزیرے کے سخت اعتراضات پر چین کا کہنا ہے کہ جمہوری طور پر چلنے والا تائیوان اس کا اپنا علاقہ ہے جہاں حالیہ برسوں میں اس نے تائیوان کے قریب فوجی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں اور فضائی دفاعی علاقوں میں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر دراندازی کی جاتی ہے۔تائیوان کے ساحلی محافظوں کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ فوٹیج کے مطابق تائیوان کے ایک اہلکار نے اپنے چینی ہم منصبوں کو ایک نشریاتی پیغام میں ریڈیو کے ذریعے کہا کہ آپ ہمارے ملک کے محدود پانیوں میں داخل ہو گئے ہیں، براہ مہربانی فوری طور پر مڑ جائیں۔فوٹیج میں تائیوان کوسٹ گارڈ کی ایک کشتی کو قریب کے فاصلے پر دو چینی بحری جہازوں کی نقل و حرکت کا پیچھا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔تائیوان کے کوسٹ گارڈ نے ایک بیان میں کہا کہ اس اقدام نے ٹریفک اور تحفظ کے عمل کو متاثر کیا ہے، بحری واقعات سے بچنے کے لیے ہم ان سے اس طرح کے طرز عمل کو نہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔چین کے کوسٹ گارڈ کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔تائیوان کی سرکاری سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے ساحلی محافظوں نے جمعہ کے روز بھی کنمین جزائر کے قریب گشت کا آغاز کیا، تائیوان کی سرکاری سینٹرل نیوز ایجنسی کے مطابق چین کی کوسٹ گارڈ کی چار کشتیوں کو تائیوان کے ہم منصبوں نے خبردار کیا تھا۔