یہودی آبادکاری کا اسرائیلی منصوبہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہوگی؛ برطانیہ

برطانوی وزیر خارجہ نے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری کے منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔اس منصوبے کا اعلان اسرائیلی وزیر خزانہ نے چند روز قبل کیا تھا جس کی آج اسرائیلی وزارت دفاع کے منصوبہ بندی کمیشن نے منظوری دیدی۔اس منصوبے پر برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ مستقبل کے فلسطینی ریاست کو تقسیم کرنے کی کوشش ہوگی۔انھوں نے اسرائیلی حکومت پر زور دیا کہ مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری منصوبے کی منظوری کو فوری طور پر واپس لے تاکہ خطے میں قیام امن کی کوششوں کو مزید نقصان نہ پہنچے۔یہ منصوبہ مغربی کنارے (West Bank) کو مشرقی القدس سے علیحدہ کرتے ہوئے فلسطینی ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کر دے گا۔اسرائیل کے اس اقدام کی عالمی سطح پر پہلے ہی بڑے پیمانے پر مذمت کی جا چکی ہے جب چھ روز قبل وزیر خزانہ نے اس منصوبے کا اعلان کیا تھا۔خیال رہے کہ اسرائیلی بستیوں کی تعمیر کو اقوام متحدہ سمیت دنیا کی بڑی طاقتیں بین الاقوامی قانون کے منافی قرار دیتی ہیں۔مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم پر اسرائیل کا قبضہ 1967ء کی جنگ کے بعد سے متنازع چلا آرہا ہے۔