غزہ میں قحط پر عالمی احتجاج، یورپ میں مصر کے سفارتخانوں کے باہر مظاہرے، رفح کراسنگ کھولنے کا مطالبہ

غزہ: اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ میں پیدا ہونے والی شدید قحط کی صورتحال پر دنیا بھر میں احتجاج شروع ہو گیا ہے، خاص طور پر یورپی ممالک میں سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور مصر کے سفارتخانوں کے باہر مظاہرے کیے۔لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شہریوں کی بڑی تعداد نے مصر کے سفارتخانے کے باہر مظاہرہ کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ غزہ میں جنگ فوری طور پر روکی جائے اور رفح کراسنگ کو کھولا جائے تاکہ انسانی امداد پہنچ سکے۔یورپ کے کئی شہروں میں بھی مظاہرے کیے گئے۔ فن لینڈ کے دارالحکومت ہیلسنکی میں مصری سفارتخانے کے داخلی دروازے پر سرخ رنگ کا اسپرے کیا گیا۔نیدرلینڈز کے شہر دی ہیگ، جرمنی کے شہر ہیمبرگ، اور ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں بھی مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھائے مصر سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کی سرحد پر موجود رفح کراسنگ فوری طور پر کھولے۔کوپن ہیگن میں مصری سفارتخانے نے احتجاج کے باعث اپنے دروازے بند کر دیے۔