بھارتی طیاروں کی تباہی کی خبر نشر ہوتے ہی غائب، دی ہندو نے دباؤ میں آکر ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کردی

بھارتی انگریزی اخبار ’دی ہندو‘ نے مقبوضہ کشمیر میں پاک فضائیہ کی کارروائی میں بھارتی طیارے تباہ ہونے کی خبر ویب سائٹ سے ہٹادی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (ٹوئٹر) پر کی گئی پوسٹ بھی ڈیلیٹ کردی۔ابتدائی طور پر دی ہندو نے خبر شائع کی کہ پاک فضائیہ نے تین بھارتی جنگی طیارے تباہ کر دیے ہیں۔ تاہم کچھ دیر بعد ویب سائٹ پر موجود خبر کلک کرنے پر غائب ہوگئی اور تفصیلات نظر آنا بند ہوگئیں۔ اس کے بعد خبر مکمل طور پر ویب سائٹ سے ہٹا دی گئی۔ سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ بھی غائب کر دی گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتی میڈیا شدید حکومتی دباؤ میں ہے۔ذرائع کے مطابق یہ طیارے گزشتہ رات پاکستان کے مختلف علاقوں پر ہونے والے بھارتی حملوں کے بعد جوابی کارروائی میں مار گرائے گئے تھے۔ پاک فضائیہ نے 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک سخوئی اور ایک ڈرون کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کیا گیا۔پاکستانی میڈیا اور افواج کے ترجمان نے ان کامیاب کارروائیوں کی کھل کر تفصیلات میڈیا پر شیئر کیں، جب کہ بھارتی میڈیا نے سچ چھپانے اور صرف مودی حکومت کا بیانیہ دہرانے کی روش برقرار رکھی۔بھارتی میڈیا میں آزادانہ صحافت کا شدید فقدان دیکھا جارہا ہے اور بیشتر ادارے مودی سرکار کے پروپیگنڈا ٹول بن چکے ہیں۔