
تل ابیب: یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے اسرائیل کے بن گوریون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی۔اسرائیلی فوج کے مطابق میزائل کو روکنے کی تمام تر کوششیں ناکام ہوئیں اور میزائل سیدھا ایئرپورٹ کے احاطے میں آ گرا، جس کے نتیجے میں ایک سڑک، گاڑی کو نقصان پہنچا جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد فضائی آپریشن کچھ وقت کے لیے معطل کر دیا گیا۔نیتن یاہو نے ایران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "ہم اپنی مرضی کے وقت اور مقام پر ایران کو جواب دیں گے۔” دوسری جانب امریکہ اور یورپ کی کئی بڑی ائیرلائنز نے تل ابیب کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔حوثی عسکری ترجمان یحییٰ سریع نے خبردار کیا ہے کہ بن گوریون ایئرپورٹ اب فضائی سفر کے لیے محفوظ نہیں رہا اور مزید حملے بھی ممکن ہیں۔یہ حملہ اسرائیلی دفاعی نظام کی ناکامی کو واضح کرتا ہے اور خطے میں جاری کشیدگی کو ایک نئے خطرناک موڑ پر لے آیا ہے۔