یوکرینی فوجی کرسک میں ہتھیار ڈال دیں تو جان بخشی، باوقار سلوک کیا جائیگا، پیوٹن

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کرسک کے علاقے میں لڑنے والے یوکرین کے فوجیوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیوٹن پر زور دیا ہے کہ وہ یوکرین کے فوجیوں کی جانیں بچائیں۔پیوٹن نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ صدر ٹرمپ کے مطالبے سے ہمدردی ہے، پیوٹن نے یوکرین کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ وہ ہتھیار ڈالنے کا حکم جاری کریں اور اگر ان کے فوجی ہتھیار ڈال دیں تو انہیں زندگی اور ’باوقار سلوک کی ضمانت‘ دی جائے گی۔ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیوٹن پر زور دیا کہ وہ یوکرین کے کرسک میں موجود فوجیوں کو چھوڑ دیں، یہ جنگ کے خاتمے کا ’بہت اچھا امکان‘ ہے۔ٹرمپ نے جمعرات کی رات ماسکو میں پیوٹن کے ساتھ اپنے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کی طویل ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پر پیغام پوسٹ کیا، ملاقات کو ٹرمپ نے ’بہت اچھا اور نتیجہ خیز‘ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان ہے کہ یہ خوفناک، خونی جنگ بالآخر ختم ہو سکتی ہے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین کے ہزاروں فوجی روسی فوج کے گھیرے میں ہیں اور انتہائی خراب اور کمزور حالت میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے صدر پیوٹن سے پرزور درخواست کی ہے کہ ان کی جانیں بچائی جائیں، یہ ایک ہولناک قتل عام ہوگا جو دوسری جنگ عظیم کے بعد سے نہیں دیکھا گیا، خدا ان سب پر رحم کرے!فوجی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کرسک میں یوکرین کی افواج روسی علاقے میں اپنے قدم جمانے کے بعد تقریباً منقطع ہو چکی ہیں، تاہم کیف کی فوج کا کہنا ہے کہ محاصرے کا کوئی خطرہ نہیں اور اس کی فوجیں بہتر پوزیشنز پر واپس جا رہی ہیں۔امریکی سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے کینیڈا کے شہر لا مالبائی میں جی سیون اجلاس میں کہا کہ اسٹیو وٹکوف امریکا واپس آ رہے ہیں اور ہفتے کے آخر میں یوکرین کے بارے میں بات چیت ہو سکتی ہے۔