میئر ہیوسٹن کی میزبانی میں سالانہ افطار ڈنر کا شاندار انعقاد، 2500سے زائد افراد کی شرکت

ٹیکساس: امریکاکے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن میں سالانہ افطار ڈنر کا شاندار انعقاد کیا گیا جو امریکا میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اجتماع تصور کیا جاتا ہے۔ بے یو سٹی ایونٹ سینٹر میں منعقدہ اس تقریب کا اہتمام میئر ہیوسٹن اور سسٹر سٹیز ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے کیا گیا، افطار ڈنر میں ہیوسٹن کے میئر جان وٹ مائیر مہمانِ خصوصی تھے جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں رکن کانگریس ایل گرین، ممتاز امریکی بزنس مین جاوید انور، بزنس ٹائیکون تنویر احمد، کئی ممالک کے سفارت کار، اعلیٰ سرکاری حکام اور کمیونٹی رہنما شامل تھے جبکہ مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے 2500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔افطار ڈنر کے کوآرڈینیٹر سعید شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب امریکا میں مذہبی رواداری، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ایک بہترین مثال ہے، جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد یکجا ہو کر افطار کی برکات میں شریک ہوتے ہیں۔