فیلڈ مارشل اب پتنگ پر عمران خان کی تصویر سے بھی خوفزدہ! کیا ایک ملک کی فوج کا سربراہ بھی اتنا بزدل اور ڈرپوک ہو سکتا ہے؟

ہمارے گھر میں گزشتہ دس بارہ سالوں سے ایک بِلا پلا ہوا ہے جس کا نام کوڈی ہے، وہ جب پہلی مرتبہ ہمارے یہاں آیا تھا تو وہ ہمارے جوتے کے اندر بیٹھ جاتا تھا، جب سے وہ گھر کے سب لوگوں کی آنکھوں کا تارا بنا ہوا ہے۔ اس کی ایک بُری عادت یہ ہے کہ وہ موقع ملتے ہی گھر سے باہر نکل جاتا ہے اور پھر تھوڑی دیر بعد گھوم پھر کر واپس دروازے پر گھر کے اندر واپس آنے کیلئے میائوں کر کے بلاتا ہے، اس ہفتے جب ہیوسٹن میں فریز کا دور دورہ تھا اور درجہ حرارت 20ڈگری فارن ہائٹ تک پہنچ گیا تھا ایک شام کوڈی موقع ملتے ہی باہر نکل گیا، سب گھر والے پریشان ہو گئے کہ اس قدر خون منجمد کر دینے والے موسم میں اس کی طبیعت خراب نہ ہو جائے، گھر کی اندر اور باہر کی لائٹیں جلا کر چھوڑ دی گئیں کہ وہ جیسے ہی آئے تو فوراً اندر آ جائے، آخر کار قریباً رات کے بارہ بجے کوڈی اندر آیا اور ہم نے فوراً ہی اسے اس کے گرم کشن پر بٹھا دیا،مگر ایک لمحے کیلئے سب کی حیرانی کے ساتھ چیخیں نکل گئیں بلے کوڈی کے ہاتھوں اور پائوں کے نازک نازک گلابی پوروں سے خون رس رہا تھا اور کشن پر بیٹھنے سے پہلے فرش پر اس کے خون آلود پنجوں کی لائن بنی ہوئی تھی، سب گھر والے کوڈی کی دیکھ بھال میں مصروف ہو گئے جبکہ ہماری آنکھوں میں وادی تیرہ کے ان مظلوم اور بے کس مہاجرین کے چہرے گھوم گئے جن کو جنرل عاصم منیر نے اپنے نام نہاد آپریشن کیلئے نقل مکانی کیلئے مجبور کر دیااس بے رحم برفباری کے موسم میں ویگنوں اور ٹھیلوں پر بیٹھے ہوئے کمسن اور معصوم ایک ایک دو سال کے بچوں کے چہرے گھوم گئے جن کے نرم نرم گلابی گالوں سے لگ رہا تھا کہ جیسے وہ کوڈی کے پور ہوں جن سے کسی بھی وقت خون جھلک سکتا ہے، ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بے یارو مددگار قافلے کیساتھ ساتھ ایک نوجوان چل رہا ہے سخت اور برفیلی سڑک پر اور اوپر سے شدید برفباری ہورہی ہے۔ اس نوجوان نے تیرہ کی برفباری سے بچنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے دو فیتے کے چپل کے اندر گروسری کا پلاسٹک بیگ باندھا ہوا تھا، دنیا بھر کے میڈیا نے جب یہ بے رحم جنرلوں کے مناظر دیکھے تو وہ تڑپ اٹھے، دنیا بھر میں اس قسم کے موسم سے نمٹنے کیلئے نہ صرف انسانوں کیلئے بلکہ جانوروں کیلئے بھی خصوصی گرم ہوم کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، اس ہفتے ہیوسٹن میں سردی سے بچنے کیلئے درجنوں گرم ہومز بنائے گئے تھے جہاں سے ہیوسٹن کے میئر WHITMIREبراہ راست ٹی وی پر بے گھر افراد سے درخواست کررہے تھے کہ وہ ان گرم گھروں میں آ کر ٹھہریںاور اپنے PETSبھی اپنے ہمراہ لائیں، شاید ہیوسٹن کے میئر کے پاس بھی کوئی کوڈی ہو گا کہ ان کو جانوروں کی دیکھ بھال کا خیال رہا، تُف ہے ہمارے فیلڈ مارشل اوردیگر جنرل اور کرنلوں پر کہ وہ اپنے مخصوص مفادات کیلئے پاکستان کے شہریوں کو جانوروں سے بھی بدتر ٹریٹ کررہے ہیں، آپریشن کے نام پر جب دنیا بھر نے یہ خوفناک تیرہ کی وادی کے مناظر دکھائے تو فوجی جنریلوں کو اندازہ ہوا کہ ان کی تو بڑی تھو تھو ہورہی ہے تو انہوں نے کہنا شروع کر دیا کہ فوج وادی تیرہ میں کوئی آپریشن نہیں کررہی ہے اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ اس پر سیاست کررہے ہیں، وہ تو شکرہے کہ سہیل آفریدی فوراً ان مہاجرین کے پاس پہنچے تاکہ ان سے دلجوئی اور ان کو امداد پہنچائی جائے جو فوج کی وارننگ کے بعد بے سروسامان اپنے گھروں سے نکل کھڑے ہوئے، ملک کا بھانڈ وزیر دفاع جو اس سے پہلے ٹی وی پر آ کر منہ پھاڑ کر کہہ رہا تھا ہم آپریشن کررہے ہیں اوراب یہ کہہ رہا ہے کہ وادی تیرہ میں کوئی آپریشن نہیں ہو رہا ہے بلکہ یہ نقل مکانی وہ لوگ خود کررہے ہیں،بدقسمتی سے وزیر دفاع یہ سمجھ رہے ہیں کہ سارے پاکستانیوں کے ماتھے پر چ لکھا ہوا ہے۔
وزیر دفاع کا یہ حال ہے اور دوسری طرف فیلڈ مارشل اس قدر ڈرپورک اور عمران خان سے خوفزدہ ہے کہ اس نے بسنت کے تہوار پر پابندی لگا دی ہے کہ پتنگوں کے اوپر عمران خان کی تصویر نہیں ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے نعرے نہیں ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی کے جھنڈے نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی قیدی نمبر 804لکھا ہونا چاہیے۔ یہ ہے اس بزدل مارشل کی اوقات جو پاکستان کے تینوں افواج کا سربراہ بنا بیٹھا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے پرچم کے رنگوں سے بھی خوفزادہ ہے۔ یہ شخص اس قدر خوفزدہ اور بزل ہے کہ ایک نہتی لڑکی سے بھی ڈرتا ہے اور اس کو نیفے سے پکڑوا کر سترہ سال کیلئے جیل میں بند کرادیتا ہے، ہم بات کررہے ہیں سابق وفاقی وزیر مملکت ڈاکٹر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان زینب مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی چٹھہ کی جنہیں گزشتہ ہفتے اڈیالہ جیل میں ڈلوا کر ان دونوں کا کھانا پانی بھی بند کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ نوجوان ایڈووکیٹ ایمان مزاری اس وقت حاملہ بھی ہیں، یوں معلوم ہوتا ہے کہ فرعون کی طرح سے حافظ سید عاصم منیر کو بھی آئندہ پیدا ہونے والے بچوں سے بھی اپنے اقتدار کیلئے خطرہ ہے اور تو اور فیلڈ مارشل نے ملکو کے گائے ہوئے گانے نک دا کوکا پر بھی پابندی لگا دی ہے کہ اگر کوئی پتنگ بازی کے دوران یہ گانا گائے گا یا بجائے گا تو اس کو دفعہ 144کے تحت گرفتار کر لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گلوکار ملکو کو ماضی میں ایک تقریب میں یہ گانا گانے پر گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔کیا آپ نہیں سمجھتے کہ عمران خان نے اس شخص کیلئے بالکل صحیح کہا تھا کہ یہ آدمی ذہنی طور پر معذور ہے؟



