سعودی عرب میں کتوں کے لیے پہلا کیفے کھل گیا

275

اسلامی دنیا کے اہم ترین ملک سعودی عرب میں جہاں کتوں اور بلیوں سمیت دیگر جانوروں کو عوامی مقامات پر لانے کی ممانعت تھی، وہاں اب کتوں کے لیے پہلا کیفے بھی کھل گیا۔

سعودی عرب میں کتوں کا پہلا کیفے مشرقی صوبے کے شہر الخبر میں کھولا گیا۔

الخبر شہر دمام سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے اور مذکورہ شہر کے زیادہ تر باشندے تیل نکالنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو میں کام کرتے ہیں۔

یہ شہر خلیج فارس کے ساحل پر واقع ہے، جس کی وجہ سے وہاں سیاحوں کا رش بھی رہتا ہے۔

الخبر میں کتوں کے لیے کھولے گئے پہلے کیفے کو ‘دی بارکنگ لاٹ’ کا نام دیا گیا ہے، جہاں کتوں سمیت دیگر جانوروں کو بھی لانے کی اجازت ہے تاہم مذکورہ کیفے خصوصی طور پر کتوں کے لیے کھولا گیا۔

‘دی بارکنگ لاٹ’ نامی کیفے کو کویتی نژاد سعودی عرب کی خاتون شہری دلال احمد نے کھولا ہے، جو خود بھی کتے پالنے کا شوق رکھتی ہیں۔