نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ نوجوان کرکٹرز کیلئے صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا بھرپور موقع

234

30 ستمبر سے شروع ہونے والے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کا آغاز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سے ہورہا ہے جہاں پاکستان کی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے ستارے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

یہ ایونٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے زمبابوے کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت کی راہ ہموار کرنے اور پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے لیے نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ سے قبل فرنچائز مالکان کی توجہ حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے۔

بلوچستان کے 19 سالہ فاسٹ بولر عاکف جاوید کی بات کی جائے تو وہ اپنی تیز رفتار بولنگ کے باعث 30 ستمبر سے شروع ہونے والے ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔

اب تک 13 میچوں پر مشتمل اپنے مختصر ٹی ٹوینٹی کیرئیر میں 13 وکٹیں حاصل کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر نے گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 7 میچوں میں 9 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ گزشتہ سال اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں پاکستان ایمرجنگ ٹیم اور رواں سال ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے لیے سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کی نمائندگی کا موقع ملا ہے، اب تک 10 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 124.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے 162 رنزبنانے والے جارح مزاج بیٹسمین اعظم خان کے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔