افغانستان کے مختلف حصوں میں طالبان کے جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپوں میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 57 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
قطر میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان ایک ہفتے قبل مذاکرات کے آغاز کے بعد یہ سب سے زیادہ پرتشدد دن تھا۔
وسطی صوبے اروزگان کے نائب گورنر سید محمد سعادت نے کہا کہ اتوار کو رات گئے صوبے میں طالبان جنگجوؤں کے سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر حملے میں افغان سیکیورٹی فورسز کے 24 اہلکار ہلاک ہوئے۔
اسی طرح صوبائی حکام نے بتایا کہ بغلان، تخار، ہلمند، کاپیسا، بلخ، میدان وردک اور قندوز صوبوں میں بھی جھڑپیں ہوئیں اور وہاں بھی جانی نقصان ہوا۔
صوبہ بلخ کے گورنر کے ترجمان منیر احمد فرہان نے کہا کہ طالبان نے افغانستان کے جاسوسی ادارے کے 3 اراکین کو یرغمال بنایا۔