تل ابیب: اسرائیل میں کووڈ-19 کے کیسز میں مسلسل اضافے کے باعث ملک بھر میں آئندہ جمعے سے 3 ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کورونا وائرس کے تیزی پھیلنے والی وبا کے پیش نظر اسرائیل نے دوسری بار ملک گیر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے، آئندہ جمعہ سے تین ہفتوں کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کیا جائے گا جس کی خلاف ورزی پر سزائیں بھی دی جائیں گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے ملک گیر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کابینہ کے ایک اجلاس میں مشاورت کے بعد کیا تاہم لاک ڈاؤن کے دوران مذہبی تعطیلات بھی آجائیں گے جس پر یہودی آرتھوڈوکس وزیر تعمیرات یعکوف لیتزمان نے اپنے عہدے سے احتجاجاً استعفیٰ دیدیا۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے کیسز میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، اسرائیل بھی انہی ممالک میں شامل ہے جہاں اس وقت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح بہت زیادہ ہے۔