آکسفورڈ یونیورسٹی نے ویکسین کا ٹرائل دوبارہ شروع کر دیا

279

لندن: آکسفورڈ یونیورسٹی نے کرونا ویکسین کا ٹرائل ایک ہفتے کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی اور دوا ساز کمپنی استرا زینیکا کی کرونا وائرس کی ویکسین کا ٹرائل ایک ہفتے کے تعطل کے بعد دوبارہ شروع کر دیا گیا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ دنیا بھر میں 18 ہزار افراد کو ٹرائلز کے دوران ویکسین استعمال کرائی گئی، اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والے ٹرائل میں یہ ممکن ہے کہ کچھ رضا کاروں کی طبعیت خراب ہوجائے۔

استرازینیکا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ وہ دنیا بھر میں حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ وہاں طبی ٹرائلز دوبارہ شروع کرنے کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ بڑے ٹرائلز میں اتفاقیہ طور پر بیماریاں ہوں گی لیکن آزادانہ طور پر اور احتیاط سے ان کا جائزہ لیا جائے گا۔