چار پیروں پر چلنے والے 10 لاکھ خردبینی روبوٹ کی فوج

197

نیو یارک:اگر آپ خردبینی دنیا میں تحقیق کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ڈھیروں کے حساب سے خردبینی روبوٹ تیار کئے گئے ہیں جن کا عملی مظاہرہ نیچے کی ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اگرچہ اس سے قبل چلنے والے خردبینی روبوٹ بنائے گئے ہیں لیکن وہ اپنے بل بوتے پر آگے بڑھنے کے قابل نہ تھے۔ تاہم اب یونیورسٹی آف پینسلوانیا کے مارک مِسکن نے شمسی توانائی سے چلنے والے لاکھوں خردبینی روبوٹس کی ایک کھیپ تیار کی ہے۔

اس کے لیے انہوں نے ایک بالکل نئے طرح کے ایکچوایئٹر بنائے ہیں جو پلاٹینم دھات کی انتہائی باریک پرت سے تیار کئے گئے ہیں۔ اس سے قبل مائیکرومیٹر پیمانے کے ایکچوایٹر بنانے میں کامیابی نہیں مل سکتی تھی۔ یہ باریک ایکچوایٹر مڑتے ہیں تو سادہ روبوٹ آگے بڑھتا ہے۔

چوکور روبوٹ کی پشت پر لگے شمسی سیل اسے توانائی پہنچاتے ہیں۔ روبوٹ لیزر شعاع کے ردِ عمل میں دھیرے دھیرے آگے بڑھتا ہے جسے ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ مارک کہتے ہیں کہ روبوٹ کو آپ جہاں چاہیں گھما پھرا سکتے ہیں۔ ان روبوٹ کو عین سرکٹ بورڈ ڈیزائننگ ٹیکنالوجی کے تحت بنایا گیا ہے اور پہلے مرحلے میں دس لاکھ روبوٹ تیار کئے گئے ہیں۔