رواں ماہ کے آغاز میں بولی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کو ترک خاتون اول امینہ اردوان سے ملاقات پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اور اب ایک بھارتی میگزین نے ان کی حب الوطنی پر پھر سوال اٹھادیے ہیں۔
بولی وڈ عامر خان اپنی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی شوٹنگ کے سلسلے میں ان دنوں ترکی میں موجود ہیں اور رواں ہفتے بھارت کی سخت گیر تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے ترجمان میگزین پانچجنیہ نے اپنے کور پر اداکار عامر خان کی تصویر جاری کی اور چین کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں ‘ ڈریگن کا پیارا خان’ قرار دیا۔
چین کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ویبو پر بھی عامر خان کے 11 لاکھ 60 ہزار فالوورز ہیں۔
میگزین میں شائع ہونے والے مضمون میں ترکی کے ساتھ عامر خان کے تعلقات پر تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ ‘ وہ ان لوگوں کے ساتھ دوستیاں کرتے ہیں جنہیں بھارت کا دشمن سمجھا جاتا ہے’۔
میگزین کے ایڈیٹر ہتیش شنکر نے ایک نیوز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا گیا کہ عامر خان، چینی کمیونسٹ پارٹی کے پسندیدہ اداکار معلوم ہوتا ہے اور وہاں ان کی فلموں کی کامیابی سے عندیہ ملتا ہے کہ اداکار کو چین کی جانب سے پروموٹ کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس جون میں بھارت اور چین کے درمیان سرحد پر ہونے والی جھڑپ کے بعد نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔