معروف سراغ رساں شرلاک ہومز کی بہن نیٹ فلکس پر تہلکہ مچانے کو تیار

241

امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے نئی فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان کردیا، فلم اینولا ہومز مشہور و معروف سراغ رساں شرلاک ہومز (فرضی کردار) کی بہن کی کہانی ہے۔

نیٹ فلیکس نے اینولا ہومز کا پہلا ٹیزر ایک روز قبل جاری کیا جبکہ اس کا پوسٹر گزشتہ رات جاری کیا گیا ہے۔ پوسٹر کے مطابق فلم 23 ستمبر کو نیٹ فلکس پر ریلیز کردی جائے گی۔

 

فلم میں اینولا کا مرکزی کردار ملی بوبی براؤن ادا کر رہی ہیں جبکہ ان کے بھائی شرلاک ہومز کا کردار ہنری کیول ادا کریں گے جو اپنے کردار سپر مین کے لیے مشہور ہیں۔

ہیلینا بونہم کارٹر ان دونوں کی والدہ یوڈوریا ہومز کا کردار ادا کریں گی اور ناول کے مطابق اینولا کی زندگی میں ان کا کردار نہایت اہم ہے۔

یاد رہے کہ جاسوسی کی دنیا کا مشہور کردار شرلاک ہومز ایک فرضی کردار تھا، اس کے مصنف سر آرتھر کونن ڈائل نے یہ کردار جوزف بیل (1911-1837) نامی ایک شخص سے متاثر ہو کر لکھا تھا۔ جوزف اور آرتھر اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا سے تعلق رکھتے تھے۔

جوزف ویسے تو ڈاکٹر تھے تاہم وہ بالکل شرلاک جیسی صلاحیتوں کے مالک تھے۔ ذہانت، باریک بینی، فوری مشاہدہ اور واقعات کا فوری اور صحیح تجزیہ کرلینے جیسی صلاحیتوں کے باعث وہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بھی مختلف معمے حل کرنے میں مدد دیا کرتے تھے۔ جوزف مشاہدے اور باریک بینی کو اپنا بنیادی ہتھیار گردانتے۔

ڈاکٹر جوزف ملکہ وکٹوریہ کے ذاتی معالج اور میڈیکل کی ابتدائی کتابوں کے مصنف بھی تھے، وہ اکثر کسی اجنبی کو راہ چلتے روکتے اور صرف چال ڈھال، حرکات و سکنات اور حلیے سے اس کا پیشہ اور حالیہ سرگرمیاں بتا دیتے۔

شرلاک ہومز کے مصنف آرتھر کونن ڈائل نے 1977 میں رائل انفرمری ہسپتال ایڈنبرا میں ڈاکٹر جوزف کے کلرک کے طور پر ملازمت اختیار کی۔

ان کے ساتھ کام کرتے ہوئے جوزف نے ان کی عادات دیکھیں تو شرلاک کا فرضی کردار تخلیق کر ڈالا۔ ان کی کہانیوں کا ایک اور کردار ڈاکٹر واٹسن کا بھی تھا جو شرلاک کا معاون تھا۔

شرلاک کی بہن اینولا ہومز کا کردار امریکی مصنفہ نینسی اسپرنگر کا تخلیق کردہ ہے، نینسی نے 50 کے قریب کتابیں لکھی ہیں جبکہ متعدد ایوارڈز بھی حاصل کیے ہیں، اینولا ہومز کے بارے میں انہوں نے 6 ناولز لکھے ہیں۔

ناول کے مطابق اینولا کی کہانی اس کی سولہویں سالگرہ سے شروع ہوتی ہے جب اس کی والدہ لاپتہ ہیں اور اس کے بھائی شرلاک اور مائی کرافٹ زبردستی اسے واپس اسکول بھیج دیتے ہیں۔

تاہم اینولا لڑکے کے بھیس میں فرار ہو کر لندن پہنچ جاتی ہے اور سراغ رسانی شروع کردیتی ہے۔ ناول کے مطابق وہ اپنے جاسوس بھائی شرلاک، جس کی ذہانت کی ایک دنیا معترف ہے، سے بھی زیادہ ذہین ہے اور اس جیسی ہی صلاحیتوں کی مالک ہے۔

شرلاک ہومز کے بارے میں اب تک متعدد فلمز اور ڈرامے بنائے جاچکے ہیں جبکہ بی بی سی کی پروڈکشن سیریز شرلاک نیٹ فلکس پر بھی دستیاب ہے، اینولا ہومز کے بارے میں یہ پہلی فلم ہے جس کے ہدایت کار ہیری بریڈبر ہیں۔