کراچی: غیرایشیائی کنڈیشنز پاکستان کیلیے بھیانک خواب بن گئیں، ٹیم فاسٹ اور باؤنسی وکٹوں پر فتح کا فارمولا بھولنے لگی، گذشتہ 7 ’اوے‘ ٹیسٹ میچز میں گرین کیپس کو لگاتار ناکامیوں کا منہ دیکھنا پڑا، 3 مرتبہ تو اننگز سے شکست ہاتھ آئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو انگلینڈ نے مانچسٹر میں پہلے ٹیسٹ میں 3 وکٹ سے شکست دی، پہلی اننگز میں برتری اور قابل دفاع ٹوٹل کے باوجود گرین کیپس نے مقابلے پر سے اپنا کنٹرول ایسا کھویا کہ پھر نہ سنبھل سکے۔ یہ اپنے ملک اور یو اے ای سے باہر منعقدہ ٹیسٹ میچز میں پاکستانی ٹیم کی لگاتار ساتویں ٹیسٹ شکست ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کے ٹور پر دونوں میچز میں اننگز کی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، برسبین میں اننگز اور 5 رنز جبکہ ایڈیلیڈ میں اننگز اور 48 رنز سے شکست ہوئی، قبل ازیں جنوبی افریقہ کے ٹور میں سنچورین میں 6 وکٹ، کیپ ٹاؤن میں 9 وکٹ اور جوہانسبرگ میں 107 رنز سے مات ہوئی۔