یرس: کورونا وائرس کی وبا کے باعث فٹبال کی سرگرمیاں متاثر ہونے کی وجہ سے سال کے سب سے بڑے اور معتبر فٹبال کے ایوارڈ ‘بیلن ڈی اور’ کو رواں سال نہ دینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
فرانس فٹبال میگزین کی جانب سے دیے جانے والے ایوارڈ ‘بیلن ڈی اور’ کو 1956 میں اسٹینلے میوتھیوز کو پہلی مرتبہ دیا گیا تھا اور اس کے بعد سے ہر سال اسے بہترین فٹبالرز کو دیا جاتا ہے۔
اب تک ارجنٹائن کے لیونل میسی ریکارڈ چھ مرتبہ یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں جبکہ ان کے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو نے پانچ مرتبہ یہ ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
میگزین نے 2018 میں خواتین فٹبالرز کو بھی ایوارڈ دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا لیکن اب اس سلسلے کو بھی روک دیا گیا ہے۔
فرانس فٹبال کے ایڈیٹر پاسکل فیر نے انٹرویو میں کہا کہ ایک عجیب سال رہا ہے جسے ہم ایک عام سال کی طرح نہیں دیکھ سکتے اور ہم نے دو ماہ قبل ہی فیصلے لینا شروع کر دیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس فیصلے کو آسان تصور کر کے نہیں لیا لیکن ہمیں یہ تسلیم کرنا پڑے گا کہ اس سال ‘بیلن ڈی اور’ کا کوئی فاتح نہیں ہو گا کیونکہ یہ ایوارڈ شفاف طریقے سے نہیں دیا جا سکے گا۔