رابی پیر زادہ نے پاکستان چھوڑنے کی خبروں کی تردید کر دی

373

لاہور:سابق گلوکارہ رابی پیرزادہ نے پاکستان چھوڑنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میرا دل اور جان ہے میں کبھی اپنا وطن چھوڑ کر گئی بھی تو مکہ جاؤں گی۔

گزشتہ روز رابی پیرزادہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں نہایت غصے میں کہا تھا کہ وہ جلد ہی پاکستان چھوڑ دیں گی۔ ان کی اس پوسٹ کی وجہ بھارتی گلوکار عدنان سمیع کی وہ ٹوئٹ تھی جس میں عدنان سمیع نے رابی پیرزادہ کی پینٹنگز کو سراہتے ہوئے ان کی تعریف کی تھی۔

عدنان سمیع کی تعریف کرنے پر رابی پیرزادہ نے ایک جذباتی ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ دراصل لوگوں کے پاکستان چھوڑ کر جانے کے پیچھے وجہ ہے آج مجھے تصدیق کرنے دیں کہ بھارتی ہم سے بہتر ہیں۔ انہوں نے کبھی مجھ پر طنز نہیں کیا۔ رابی پیرزادہ نے عدنان سمیع کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ میں نے آپ کے بارے میں ماضی میں جو کچھ کہا اس پر معافی چاہتی ہوں یہ قوم صلاحیتوں کی حقدار نہیں نہ آپ کی آواز کی اور نہ میری پینٹنگز کی۔ میں بھی پاکستان چھوڑ دوں گی۔ تاہم اب یہ ٹوئٹ ان کے اکاؤنٹ پر موجود نہیں ہے۔

رابی پیرزادہ نے انسٹاگرام پر بھی کافی لمبی چوڑی پوسٹ کرتے ہوئے پاکستانی اور بھارتی عوام کا موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتیوں نے کبھی ایسا مواد شیئر نہیں کیا جس سے مجھے تکلیف ہو جب کہ میری لیک ویڈیوز مسلسل پاکستان میں شیئرز ہوتی رہیں۔