اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ تین سال کے دوران زراعت،الیکٹرانکس اور کیمیائی علوم کے شعبوں کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ایک روڈ میپ بھی تیارکرلیاہے جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
یہ بات انہوں نے کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی کے ساتھ ایک ملاقات کے دوران کہی۔ اس ملاقات میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دوران پاکستان نے اپنی مدد آپ کے تحت مختصر ترین دورانیے میں مقامی سطح پر وینٹی لیٹر بنائے وہ پاکستان کے سائنس اور ٹیکنالوجی سے وابستہ اداروں کی صلاحیت اور مہارت کی شاندار مثال ہے۔