پاکستان ٹیم انگلینڈ سے ایک میچ بھی جیت جائے تو بڑی کامیابی ہوگی، باسط علی

258

سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے پاکستان کے خلاف انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔

‏باسط علی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں ہمیشہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور ماضی قریب میں بھی پاکستان ٹیم 2 سیریز برابر کرنے میں کامیاب ہو ئی ہے، جن میں یونس خان،مصباح الحق اور یاسر شاہ کی کارکردگی اچھی رہی لیکن اب مصباح الحق اور یونس خان ٹیم منiجمنٹ میں ہیں ، اب انہوں نے کھیلنا نہیں کھلانا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق بلے باز کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کم تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں، اینڈرسن اور براڈ خطرناک بولرز ہیں، میں تو چاہوں گا کہ پاکستان ٹیم انگلینڈ میں جیتے لیکن کرکٹ کے حوالے سے بات کی جائے تو میں یہی کہوں گا کہ پاکستان ٹیم کے لیے جیتنا مشکل ہے اور انگلینڈ کو ہرانا آسان نہیں، پاکستان ٹیم ایک میچ بھی جیت جائے تو بڑی کامیابی ہو گی اور کم تجربہ کار پاکستان ٹیم ایک ٹیسٹ میچ جیت کر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 40 پوائنٹس بھی لے لے تو یہ بڑی جیت ہوگی۔