اگرچہ پاکستان اور خصوصی طور پر سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہری بھی یومیہ اضافی اور بھاری بجلی بلوں پر احتجاج کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
تاہم بھاری اور اضافی بجلی بل سے لاکھوں روپے کمانے والے بھارتی شوبز ستارے بھی پریشان ہیں اور انہوں نے بلوں کی ادائیگی کے لیے اپنے اعضا تک فروخت کرنے کا ارادہ کرلیا۔
بھارتی ریاست مہارا شٹر کے دارالحکومت ممبئی میں رہنے والی متعدد شوبز شخصیات نے جولائی کے بجلی کے بے تحاشہ بلوں پر ٹوئٹر پر احتجاج کیا جب کہ ارشد وارثی جیسے اداکار نے تو بلوں کی ادائیگی کے لیے گردوں کو فروخت کرنے تک کا عندیہ بھی دیا۔
بھارتی اخبارانڈیا ٹوڈےکے مطابق بھارت کی متعدد ریاستوں کے لاکھوں گھروں کو بجلی فراہم کرنے والی انڈیا کی سب سے بڑی نجی کمپنی اڈانی کی جانب سے ماہ جون کے بلوں میں اضافی پیسے بھیجے جانے کی شکایات کی جا رہی ہیں۔