دنیا بھرمیں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 70 لاکھ کے قریب پہنچ گئی

293

برازیل اور بھارت میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ عالمی سطح پر کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 70 لاکھ کے قریب پہنچ گئی۔

ان تمام کیسز میں سے تقریباً 30 فیصد یعنی 20 لاکھ کے قریب کیسز کا تعلق امریکا سے ہے جبکہ سب سے تیزی سے اب یہ وبا لاطینی امریکا میں پھیل رہی ہے جہاں مجموعی تعداد کے 16 فیصد کیسز ہیں۔

عالمی سطح پر کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

گزشتہ 5 ماہ کے عرصے میں کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد دنیا کے سب سے خطرناک مرض ملیریا سے ایک سال میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد کے برابر پہنچ چکی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت چین کے شہر ووہان میں 10 جنوری کو سامنے آئی تھی تاہم اپریل کے اوائل میں دنیا بھر میں کل ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچی تھی۔

دوسری جانب 3 لاکھ ہلاکتوں کے بعد گزشتہ 23 روز کے دوران مزید ایک لاکھ افراد کی موت سے مجموعی تعداد 4 لاکھ ہوگئی۔

دنیا میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 10 ہزار ہلاکتیں امریکا میں ہوئیں جبکہ برازیل میں بھی ہلاکتوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

ماہرین کا ماننا ہے کہ اموات کی مجموعی تعداد رپورٹ ہونے والے اعداد و شمار 4 لاکھ سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ کئی ممالک میں تمام متاثرہ مریضوں کے ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت نہیں اور چند ممالک ہسپتال کے باہر ہونے والی ہلاکتوں کو اعداد و شمار میں شامل نہیں کر رہے۔

روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے 8 ہزار 984 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 4 لاکھ 67 ہزار 673 ہوگئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں میں 134 افراد ہلاک بھی ہوئے جس کے بعد ملک میں کل ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار 859 ہوگئی۔

تیل پیدا کرنے والے ممالک نے کورونا وائرس کی وجہ سے قیمتوں میں کمی کے باعث پیداوار کمی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

تیل پیدا کرنے والے ممالک کے گروپ (اوپیک) نے پیداوار میں کمی کے اپریل کے معاہدے کو توسیع کرتے ہوئے اسے جولائی میں بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔