بھارت 17 جون کو سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن بن جائے گا

334

اسلام آباد: بھارت رواں ماہ دو سال کی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کے غیر مستقل رکن کے طور پر منتخب ہوجائے گا جس کے بعد توقع ہے کہ اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی وکالت کرنا زیادہ مشکل ہوجائے گا۔

سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ’17 جون کو جنرل اسمبلی سلامتی کونسل میں دو سال مدت کے لیے 5 ریاستوں کا انتخاب کرنے والی ہے اور اس سال یہ انتخابات کورونا وائرس کی وجہ سے ایک الگ طریقہ کار کے ذریعے ہوں گے‘۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اقوام متحدہ میں ہونے والے تمام اجلاس کو رواں ماہ کے آخر تک ملتوی کرنا پڑا تھا۔

عام طور پر انتخابات جنرل اسمبلی ہال میں خفیہ رائے شماری کے ذریعے ہوتا ہے تاہم اس بار یہ متعدد مقامات پر ہوسکتے ہیں جس کے بارے میں پیر کو تفصیلات جاری کی جائیں گی۔