فیس بک نے ایک نیا تول متعارف کرایا ہے جس کی مدد سے صارفین برسوں پرانی پوسٹس کو ڈیلیٹ کرسکتے ہیں۔
منیج ایکٹیویٹی نامی یہ نیا فیچر صارفین کو بیک وقت متعدد پوسٹس ڈیلیٹ کرنے میں مدد دے گا یا اگر وہ چاہے تو ان کو آرکائیوز میں بھی منتقل کرسکتے ہیں، جہاں صرف وہی اسے دیکھ سکیں گے۔
یہ فیچر فیس بک ایپ پر کچھ صارفین کو آج سے دستیاب ہوگا اور آئندہ چند ہفتوں میں تمام افراد اسے استعمال کرسکیں گے۔
فیس بک کے بیان میں بتایا گیا کہ لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلیاں آتی رہتی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ ان کے لیے فیس بک پر اپنی آج کی شخصیت کی عکاسی کرنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔
جو صارف اپنے پرانے مواد کو ڈیلیٹ یا آرکائیو میں منتقل کرنا چاہے گا، وہ ان پوسٹس کو تاریخ، لوگوں کی جانب سے ٹیگ اور مواد کی قسم یعنی فوٹو، ویڈیو، تحریری اپ ڈیٹس جیسے فلٹرز کے ذریعے تلاش کرسکیں گے۔
آسان الفاظ میں برسوں پرانی پوسٹس کو مینوئلی اسکرول کے بغیر ہی منٹوں میں تلاش کرکے ڈیلیٹ یا آرکائیو کرنا ممکن ہوگا۔
جن پوسٹس کو ڈیلیٹ کیا جائے گا وہ 30 دن تک ایک فولڈر میں رہیں گی اور پھر ہمیشہ کے لیے غائب ہوجائیں گی یا خود وہاں جاکر انہیں ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فیس بک جیسے سوشل نیٹ ورک میں اس طرح کا ٹول برسوں سے موجود نہیں تھا مگر حالیہ مہینوں میں کمپنی نے اس حوالے سے کافی کچھ بہتر کیا ہے۔