کرونا وائرس، علاج کے دوران مریض کی رنگت تبدیل ہوگئی

402

بیجنگ: چین میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر کی جلد کا رنگ علاج کے دوران مکمل تبدیل ہوگیا۔

چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ ڈاکٹر ہو ویفینگ کو جنوری 2020 میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد انہیں علاج کے لیے اسپتال لایا گیا۔

اہل خانہ ڈاکٹر کو اُسی اسپتال لے کر آئے جہاں وہ ملازمت کرتے تھے، وہ پانچ ماہ تک زیر علاج رہے اور گزشتہ روز کرونا وائرس کی جنگ میں‌ زندگی کی بازی ہار گئے۔

ڈاکٹرز کے مطابق پانچ ماہ کے دوران ڈاکٹر ہو ویفینگ کی رنگت گوری سے بلکل سیاہ ہوگئی، علاج کے دوران اُن کی رنگت تبدیل ہونے کی وجہ دوا کا انفیکشن ہے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ساتھی کو دوران علاج اینٹی بائیوٹک دیں، یہ ہی دوا عام مریضوں کو بھی دی جاتی ہے البتہ جب ویفینگ نے یہ دوا کھانا شروع کی تو اُن کی رنگت تیزی سے تبدیل ہوئی۔

پانچ ماہ تک زیر علاج رہنے والے ڈاکٹر کی گزشتہ ہفتے طبیعت شدید بگڑ گئی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں وینٹی لیٹر  پر منتقل کردیا تھا اور وہ مشین کے ذریعے ہی سانس لے رہے تھے۔

مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جس اسپتال میں ڈاکٹر ہو ویفینگ جاں بحق ہوئے وہاں انہوں نے کئی سال ملازمت کی اور وہ کرونا کے مریضوں کی ہی نگہداشت کررہے تھے۔

اسپتال انتظامیہ نے کرونا کے لیے مختص کیے جانے والے انتہائی نگہداشت وارڈ میں بطور نگراں اُن کی ڈیوٹی لگائی تھی۔