برمنگھم میں آسمان گلابی ہوگیا، لوگ خوفزدہ، وجہ سامنے آگئی

برطانیہ کے شہر برمنگھم میں اُس وقت خوف اور تجسس کی فضا پیدا ہو گئی جب رات گئے آسمان اچانک گہرے گلابی اور سرخی مائل رنگ میں ڈھل گیا۔ اس غیر معمولی منظر نے شہریوں کو حیران بھی کیا اور پریشان بھی، جبکہ سوشل میڈیا پر سوالات اور قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب شہر شدید برف باری کی زد میں تھا۔ خراب موسمی حالات کے باعث آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی، سڑکوں پر مشکلات بڑھ گئیں اور کئی سہولیات عارضی طور پر معطل کرنا پڑیں۔ انہی حالات کے دوران آسمان کا یہ غیر فطری رنگ لوگوں کے لیے مزید خوف کا باعث بن گیا۔برمنگھم کے رہائشیوں نے فوراً موبائل فونز کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا شروع کردیں۔ ان مناظر میں شمالی لندن کے قریب واقع اس شہر کے آسمان پر چھایا گلابی رنگ واضح طور پر دیکھا جا سکتا تھا، جس نے دیکھنے والوں کو چونکا دیا۔ابتدا میں شہریوں کی جانب سے یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ شاید یہ منظر اس برفانی طوفان یا کسی قدرتی آفت سے جڑا ہو، تاہم جلد ہی ماہرین اور میڈیا رپورٹس نے اس راز سے پردہ اٹھا دیا۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آسمان کا یہ رنگ کسی قدرتی مظہر کا نتیجہ نہیں بلکہ انسانی سرگرمیوں سے پیدا ہونے والی روشنیوں کا اثر تھا۔



