گلوکارہ ریشما کو مداحوں سے بچھڑے ہوئے 11 برس گزر گئے
پاکستان کی نامور گلوکارہ ریشماں کی گیارھویں برسی ہے، بلبل صحرا سے مشہور ریشماں نے اپنی خوبصورت اور منفرد آواز سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں نام کمایا۔ان کا گائیکی کا انداز ایسا تھا کہ ہر سُر میں درد اور محبت کی گہرائی سنائی دے۔ ریشماں کی مدھر آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں بستی ہے۔1947 میں بھارتی علاقے راجھستان میں پیدا ہونے والی ریشماں، جنہوں نے انتہائی کم عمری میں صحرائے راجستھان میں پلتے ہوئے اپنی خوبصورت آواز سے گائیکی کے سفر کا آغاز کیا، دیکھتے ہی دیکھتے وہ ایک عام سی لڑکی سے پاکستان کی موسیقی کا درخشاں ستارہ بن گئیں۔ریشماں کو موسیقی کی دنیا میں ان کی رومانوی اور اداس گانوں کی وجہ سے خاص پہچان ملی۔ ان کی آواز میں موجود درد اور گہرائی نے لوگوں کو آج اپنے سحر میں جکڑے رکھا ہے۔گلوکارہ ریشماں نے کئی پاکستانی اور بھارتی فلموں کے لیے بھی گیت گائے اور دونوں ممالک میں خوب داد سمیٹی۔ریشماں نے اپنی زندگی میں حکومتی صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سمیت کئی ایوارڈز اور اعزازات اپنے نام کیے۔ریشماں 3 نومبر 2013 کو انتقال کر گئیں، لیکن ان کی گائیکی کا ورثہ آج بھی زندہ ہے۔ ریشماں کے مداح ان کی برسی کے موقع پر ان کے یادگار گیتوں کو سن کر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔