0

لاہور قلندرز کی ٹیم گیانا میں ہونیوالی گلوبل سپر لیگ میں شرکت کریگی

لاہور قلندرز کی ٹیم گیانا میں ہونے والی گلوبل سپر لیگ میں شرکت کرے گی، لیگ میں پانچ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی کے شیڈول کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔لاہور قلندرز کی انتظامیہ کا کہنا ہےکہ گیانا میں ہونے والی گلوبل سپر لیگ کا حصہ بننے کے لیے پرجوش ہیں،لاہور قلندرز واحد ٹیم ہے جوجی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ جی ایس ایل ٹی ٹوینٹی کے پہلے ایڈیشن میں 5 ٹیمیں حصہ لیں گی، لاہور قلندرز سمیت انگلینڈ سے ہیمپشائر ہاکس، ویسٹ انڈیز سے گیانا ایمازون واریئرز ، بنگلا دیش سے رنگپور رائیڈرز اور آسٹریلیا سے وکٹؤریا کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ جی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی 26 نومبر سے 7 دسمبر تک کھیلی جائے گی،11 میچز کے شیڈول کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔جی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی کی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔چئیرمین جی ایس ایل کلائیو لائیڈ کا کہنا ہےکہ ہم تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہنے کے لیے منتظر ہیں، ہمیں یقین ہے کہ جی ایس ایل ٹی ٹوئنٹی ایکشن سے بھر پور ہوگی، ان تمام پانچوں ٹیموں کے فینز دنیا بھر میں موجود ہیں۔لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا کا کہنا ہے کہ ہم جی ایس ایل گیانا میں شرکت کا اعلان کرکے بہت پرجوش ہیں، جی ایس ایل نے دنیا کی پانچ بہترین ٹیموں کو اکٹھا کیا ہے جہاں شاندار مقابلے ہوں گے۔ثمین رانا نے کہا کہ پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ٹیلنٹ کی مہارت کو ٹیسٹ کرنے کا یہ اچھا پلیٹ فارم ہے، ہمارے نوجوان کھلاڑی اس پلیٹ فارم پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں