0

سابق بوائے فرینڈ کے ہاتھوں جلنے والی یوگنڈا کی خاتون ایتھلیٹ چل بسیں

یوگنڈا کی اولمپک ایتھیلٹ ریبیکا چیپٹگی سابق بوائے فرینڈ کی جانب سے جلائے جانے کے چند دن بعد انتقال کرگئیں۔33 سالہ یوگنڈا میراتھن رنر ریبیکا نے پیرس اولمپکس 2024 میں یوگنڈا کی نمائندگی کی تھی اور میراتھن میں 44 ویں پوزیشن حاصل کی تھی۔ایتھلیٹ ریبیکا کو چند روز قبل سابق بوائے فرینڈ نے پیٹرول چھڑک کر جلادیا تھا جس کے بعد پڑوسیوں کی مدد سے خاتون کو تشویشناک حالت میں کینیا کے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ حادثے میں ریبیکا کا جسم کافی جھلس گیا تھا جس کے بعد اب ریبیکا انتقال کرگئی ہیں۔پولیس کے مطابق ریبیکا پر کینیا میں موجود ان کے گھر پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ٹریننگ کررہی تھیں، حملے کے دوران خاتون اولمپک زخمی ہوئی تھیں اور حملہ آور بھی جھلس گیا تھا جس کے بعد دونوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔پولیس میں درج رپورٹ کے مطابق ریبیکا اور ان کے سابق بوائے فرینڈ کے درمیان زمین پر جھگڑا چل رہا تھا تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔اولمپک ایتھلیٹ ریبیکا کے والد جوزف چیپٹگی نے بیٹی کی موت پر انتہائی افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اپنی خودکفیل بیٹی کھو دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں