جنیوا: غزہ کی ایک سرنگ سے 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملنے پر اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا۔اقوام متحدہ میں اسرائیلی سفیر نے سلامتی کونسل سے کہا کہ غزہ میں یرغمالیوں کی ہلاکت پر حماس کی مذمت کرنے کے لیے فوری اجلاس بلایا جائے۔اسرائیلی سفیر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ابھی تک حماس کی مذمت نہیں کی اور نہ ہی یرغمالیوں کی واپسی کے لیے اب تک کوئی فیصلہ کن کارروائی کی ہے۔اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر نے اس تشویش کا بھی اظہار کیا کہ 6 یرغمالیوں کی لاشیں ملنے پر حماس کی قید میں یرغمال بقیہ یرغمالیوں کی بحفاظت واپسی کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔اسرائیلی سفیر نے کہا کہ یرغمالیوں میں امریکی نژاد شہری بھی ہیں۔ یرغمالیوں کے اہل خانہ عالمی ادارے کی طرف انصاف طلب نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ میں 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں پُراسرار حالت میں ایک سرنگ سے ملی تھیں جنھیں حماس نے قتل کیا جب کہ حماس کا کہنا تھا کہ یرغمالی اپنی فوج کی بمباری میں مارے گئے تھے۔
0