بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بنائی گئی ڈیپ فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویرات کوہلی کو اس ویڈیو میں اپنے ساتھی کرکٹر شبمن گل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اور ان کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے دیکھا گیا۔ویرات کوہلی جعلی ویڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ میں شبمن گل کو کافی قریب سے دیکھ رہا ہوں، وہ باصلاحیت ہے، اس میں کوئی شک نہیں، لیکن اچھا کرکٹر بننے اور لیجنڈ بننے میں بہت بڑا فرق ہوتا ہے۔ڈیپ فیک ویڈیو میں ویرات کو اپنی تعریف کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ گل کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ اگلا کوہلی ہے، میں یہ واضح کردوں کہ دنیا میں صرف ایک ہی ویرات کوہلی ہے، میں نے مشکل ترین بولرز کا سامنا کیا ہے، انتہائی مشکل حالات میں پرفارمنس دی ہیں اور میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے یہ کر رہا ہوں۔یہ ویڈیو 27 اگست کو ایکس پر شیئر کی گئی تھی، جسے اب تک اس پلیٹ فارم پر 3 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے اسے فوراً ہی جعلی قرار دے دیا اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا کہ یہ بہت خطرناک ہے۔ایک صارف نے لکھا کہ ویرات کوہلی کو لوگ چاہے کتنا ہی مغرور کہیں لیکن وہ ایسا کبھی نہیں بولیں گے۔واضح رہے کہ ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کو سائبر حملوں کے لیے بہت زیادہ استعمال کیا جارہا ہے اور اب یہ حقیقی دنیا کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے۔
0