کراچی: بھارتی واویلے نے آئی سی سی کو تشویش کا شکار کر دیا، چیمپئنز ٹرافی کیلیے بطور پلان بی ہائبرڈ ماڈل پر غور ہونے لگا۔تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ کے درمیان پاکستان میں ہونا ہے، ایونٹ میں دفاعی چیمپئن و میزبان سمیت افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت،نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شریک ہوں گی، ہر بار کی طرح اب بھی بھارت نے سرحد پار جانے پر نخرے دکھانا شروع کر دیے ہیں، سابقہ طریقہ کار اپناتے ہوئے بی سی سی آئی آفیشلز خود کوئی بات نہیں کر رہے مگر اپنے میڈیا کے ذریعے کئی بار موقف پیش کر چکے۔ذرائع کے مطابق بھارتی واویلے نے آئی سی سی کو بھی پریشان کر دیا اور پلان بی پر غور شروع کر دیا گیا ہے، 19 سے 22 جولائی تک کولمبو میں شیڈول سالانہ کانفرنس میں چیمپئنز ٹرافی پر بھی بات ہو گی، ایجنڈے میں پاکستان کے ساتھ کسی دوسرے ملک کو میزبان بنانے کے بجٹ کا بھی ذکر ہے،ذرائع نے بتایا کہ بھارت سے پوچھا جائے گا کہ ان کی ٹیم ایونٹ میں شرکت کیلیے پاکستان جائے گی یا نہیں۔بی سی سی آئی حکومتی اجازت کی بات کرے گا، ایسے میں ہائبرڈ ماڈل کے تحت یو اے ای کو شریک میزبان بنانے کی تجویز پر بات ہو گی، بھارتی حکومت کبھی تحریری طور پر انکار یا فیصلے کی وجہ نہیں بتاتی، عالمی کونسل کو خدشہ ہے کہ اگر اختتامی مراحل میں بی سی سی آئی نے ٹیم بھیجنے سے منع کیا تو ایونٹ خراب ہو جائیگا،اس لیے پہلے ہی تیاری کر لی جائے۔
0