0

ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے میں زخمی، جوابی فائرنگ میں حملہ آور ہلاک

پنسلوانیا: امریکی ریاست پنسلوانیا کے علاقے بٹلر میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک انتخابی جلسے میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہو گئے، جبکہ مبینہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ری پبلکن رہنما ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جہاں انہیں اپنے نائب صدر کے امیدوار کا اعلان کرنا تھا، کہ اچانک فائرنگ کی زوردار آوازوں کے ساتھ ہی ریلی میں خوف و ہراس پھیل گیا اور سابق صدر اسٹیج پر گر گئے، جنہیں سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے فوری طور پر اپنے حصار میں لے لیا اور محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ڈونلڈ ٹرمپ سیکرٹ سروس کے حصار کے دوران بھی عوام کو دیکھ کر بار بار مُکہ لہراتے رہے۔کاؤنٹی پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا ہے، خبر رساں ادارے کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق سابق صدر اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں، ان کے چہرے اور دائیں کان پر خون دیکھا گیا ہے۔ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ٹھیک ہیں اور ایک مقامی طبی مرکز میں ان کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔ترجمان اسٹیون چیونگ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اس گھناؤنے واقعے کے دوران فوری کارروائی کرنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور امدادی اداروں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب ایک فعال تحقیقات جاری ہیں اور دستیاب ہونے پر مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر جو بائیڈن، جو اپنی آبائی ریاست ڈیلاویئر میں ہیں انہیں اس واقعہ کی ابتدائی بریفنگ دے دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں