Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

سکھ مذہب کی تاریخ پاکستان کے بغیر نامکمل ہے پاکستان سکھ مت کا اصل گھر اور بنیادی مرکز ہے رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور ( آصف اقبال ) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ سکھ مذہب کی تاریخ پاکستان کے بغیر نامکمل ہے، پاکستان سکھ مت کا بنیادی مرکز اور روحانی گھر ہے، دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگت یہاں سے امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام لے کر جائے۔ پاکستان میں سکھ برادری مکمل طور پر محفوظ اور خوشحال ہے جبکہ اس حوالے سے بیرون ملک پھیلایا جانے والا منفی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سری گرو نانک دیو جی مہاراج کے 557ویں پرکاش پورب کے سلسلے میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقدہ مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں بھارت آسٹریلیا امریکہ، کینیڈا سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں سکھ یاتریوں نے شرکت کی تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلیٰ پنجاب و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف تھے، جبکہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی اور وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مہمان خصوصی میاں حمزہ شہباز شریف اور وفاقی وزراء کی شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی نمائندگی کے ذریعے دنیا بھر سے آنے والی سکھ سنگت کو خوش آمدید کہنے اور پاکستان کو امن و محبت کی سرزمین کا پیغام دینے کا موقع فراہم کیا انہوں نے سکھ یاتریوں سے اپیل کی کہ وہ وطن واپسی پر پاکستان سے محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام اپنے ساتھ لے جائیں اور دنیا بھر میں آباد سکھ برادری کو بتائیں کہ پاکستان میں سکھ نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ خوشحال زندگی بھی گزار رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان میں سکھ برادری کے عدم تحفظ اور مشکلات کے حوالے سے من گھڑت کہانیاں پھیلائی جاتی ہیں، تاہم زمینی حقائق اس پروپیگنڈے کی نفی کرتے ہیں صوبائی وزیر نے جتھیدار اکال تخت صاحب کو مخاطب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں سکھ مذہب کے حوالے سے صرف اور صرف اکال تخت صاحب کی مریادا (ضابطہ اخلاق) پر عمل کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین پر قدم قدم پر سکھ مذہب کی تاریخی نشانیاں اور مقدس گوردوارے موجود ہیں، اس لیے دنیا بھر کی سکھ برادری اپنی نئی نسل کو پاکستان کے تاریخی اور روحانی ورثے سے ضرور روشناس کرائے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ اگر سکھ قوم کی تاریخ لکھی جائے اور اس میں پاکستان کا ذکر شامل نہ ہو تو یہ تاریخ نامکمل رہے گی تقریب کے موقع پر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب اور پولیس کی جانب سے یاتریوں کے لیے فول پروف سکیورٹی، صفائی ستھرائی اور پارکنگ کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے مرکزی دعائیہ تقریب کے اختتام پر گوردوارہ جنم استھان سے روایتی نگر کیرتن کا آغاز ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں پر روانہ ہوا۔ اس موقع پر مقامی مسلمانوں نے مذہبی ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کی خوبصورت مثال قائم کرتے ہوئے سکھ یاتریوں کے استقبال کے لیے ریڈ کارپٹ بچھایا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button