Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

پنجاب فلم سٹی کا افتتاح 20 دسمبر کو ہوگا، پنجابی فلموں پر 35 اور اردو فلموں پر 20 فیصد ریبیٹ دینے کی منظوری

لاہور ( آصف اقبال ) پنجاب میں فلمی صنعت کی بحالی، ثقافتی ورثے کے فروغ اور لاہور کو دوبارہ فلم سازی کا مرکز بنانے کے لیے جدید ترین فلم سٹی کے قیام کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جس کا افتتاح 20 دسمبر کو ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت قائم کیے جانے والے اس منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی، فلم سازی کی سہولیات اور تفریحی شعبے کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات کی منظوری دے دی گئی ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت پنجاب فلم اتھارٹی کے پہلے اجلاس میں صوبے کی فلمی صنعت کو فعال بنانے، سرمایہ کاری بڑھانے اور مقامی فلم سازوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پنجاب میں تیار ہونے والی پنجابی فلموں کے لیے 35 فیصد جبکہ اردو فلموں کے لیے 20 فیصد ریبیٹ دینے کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی منظوری سے آگاہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں ریبیٹ فریم ورک اگلے ہفتے اتھارٹی کے اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔اجلاس میں پنجاب اور پاکستان کے پہلے رائلٹی قانون، فلم اینڈ میوزک اسکول، فلم ٹریڈنگ ہاؤس، پوسٹ پروڈکشن سہولیات، اسٹوڈیو کمپلیکس، جدید فلم اسٹوڈیوز اور پاکستان کے سب سے بڑے کنونشن سینٹر کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ ان اقدامات کا مقصد فلم سازی کے لیے ایک جامع نظام تشکیل دینا، مقامی فنکاروں اور فلم سازوں کو سہولیات فراہم کرنا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔فلم سازوں کو شوٹنگ کے لیے موزوں مقامات کی تلاش اور اجازت ناموں کے حصول میں سہولت دینے کے لیے آن لائن ون ونڈو نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مالی سال 2026-27 کے لیے فلم سٹی اتھارٹی کا 58 کروڑ 90 لاکھ روپے سے زائد کا بجٹ جائزے کے لیے فنانسنگ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا، جبکہ اتھارٹی کی 53 منظور شدہ آسامیوں میں سے پہلے مرحلے پر 26 افراد بھرتی کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ بھرتیوں اور برطرفیوں کے اختیارات بورڈ کے پاس ہوں گے۔اجلاس میں چھ مختلف کمیٹیوں کے قیام اور پنجاب فلم فنڈ کمیٹی کی تشکیل پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ پرانے سینما گھروں کی بحالی، وہاں سولر سسٹم کی تنصیب، عوام کو کم قیمت پر تفریحی سہولیات کی فراہمی اور سینما گھروں کی بکنگ کا نظام آن لائن کرنے کی منظوری دی گئی۔نوجوان فلم سازوں کی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تربیتی پروگرام بھی منظور کیا گیا، جس کے تحت بین الاقوامی ماہرین نوجوانوں کو فلم سازی کی جدید تکنیکوں اور پیشہ ورانہ مہارتوں کی تربیت دیں گے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چاہتی ہیں کہ آئندہ پانچ برس میں پنجاب عالمی معیار کی اسکرین ٹورازم انڈسٹری کا مرکز بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم اور کیمرے کے ذریعے پنجاب کی منفرد ثقافت، تاریخی ورثے اور نایاب مقامات کو دنیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔مریم اورنگزیب کے مطابق فلم سٹی محض اسٹوڈیوز کی تعمیر کا منصوبہ نہیں بلکہ فلمی صنعت کی بحالی، سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کو معیاری و سستی تفریح فراہم کرنے کے لیے ایک جامع ایکوسسٹم ہوگا۔حکومت پنجاب کے ان اقدامات سے مقامی فلمی صنعت کو سہارا دینے، نئی نسل کے فلم سازوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے اور لاہور کی فلمی شناخت کو دوبارہ اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button