اوریگن کے شہر بینڈ کےاسکول میں 16 سالہ لڑکے کی فائرنگ، 3 معصوم بچے اور استاد ہلاک

اوریگن کے شہر بینڈ میں ایک ایلیمنٹری اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں تین بچے اور ایک استاد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک بچہ اور ایک اور استاد شدید زخمی ہیں۔پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور کی عمر 16 سال تھی، جسے موقع پر موجود ایک مسلح شہری نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ واقعہ جمعرات کی سہ پہر سلور ریل ایلیمنٹری اسکول میں پیش آیا۔ بینڈ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ مائیک کرانٹز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حکام کو ابتدائی طور پر ایک شخص کی جانب سے ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس نے اطلاع دی کہ ایک شخص نے لمبی بندوق سے اس کی گاڑی پر متعدد فائر کیے ہیں۔اس کے کچھ ہی دیر بعد پولیس کو درجنوں کالز موصول ہوئیں کہ ایک مسلح شخص اسکول کی عمارت میں داخل ہوگیا ہے۔ دوپہر ایک بجے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہنگامی اطلاع دی گئی، جبکہ ایک منٹ بعد اسکول میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔



