پاکستان ہاکی فیڈریشن کی قومی سلیکشن کمیٹی تشکیل، تینوں فارمیٹس کیلئے ہیڈ کوچز کا تقرر

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے اولپمیئن سمیع اللہ خان کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور سینئر، جونیئر اور انڈر-18 کے تینوں فارمیٹس کے لیے ہیڈ کوچز کا بھی تقرر کیا گیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق ملک میں ہاکی کے ڈھانچے کی مضبوطی اور بین الاقوامی مقابلوں میں بہتر نتائج کے حصول کے لیے قومی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سینئر، جونیئر اور انڈر-18 ٹیموں کے لیے ہیڈ کوچز بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔پی ایچ ایف پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اولمپیئن سمیع اللہ خان کی نگرانی میں سلیکشن کمیٹی اپنے فرائض سرانجام دے گی، جنہیں پہلے ہی چیئرمین سلیکٹرز مقرر کیا گیا تھا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لیجنڈری اولمپین سمیع اللہ خان کو قومی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، سلیکشن کمیٹی کے دیگر اراکین میں نعیم اختر، کاشف جواد، محمد خالد، عاطف بشیر اور ناصر علی شامل ہیں۔



