شکیرا کے مشرقِ وسطیٰ میں کنسرٹس کشیدگی کے باعث ملتوی

کولمبین گلوکارہ شکیرا کا یکم اپریل کو قطر کے دارالحکومت دوحا میں شیڈول کنسرٹ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث ملتوی کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شکیرا نے اپنے ورلڈ ٹور کے تحت دوحا کے اسٹیڈیم 974 میں ایک خصوصی شو کرنا تھا تاہم اب اس کنسرٹ سے متعلق تفصیلات آفیشل ویب سائٹ سے ہٹادی گئی ہیں۔ حالانکہ اس کنسرٹ کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے اور ٹکٹنگ پیج پر بھی اب ایرر دکھائی دے رہا ہے اور منتظمین کی جانب سے اگلی تاریخ کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ اس سے قبل، گریمی ایوارڈ یافتہ عالمی پاپ آئیکون شکیرا کا بھارت میں ہونے والا کنسرٹ ملتوی کردیا گیا تھا۔انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی صورتحال اور علاقائی کشیدگی کے باعث شکیرا کے کنسرٹ کو آئندہ اعلان تک ملتوی کیا جا رہا ہے۔رپورٹس کے مطابق یہ مسئلہ بحرین ریجن میں ڈرون سرگرمیوں کے باعث ایمازون ویب سروسز متاثر ہونے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔’وزٹ قطر‘ کی ویب سائٹ پر اب اس کنسرٹ کی تاریخ ’ٹی بی ایچ‘ یعنی بعد میں اعلان کے لیے درج کر دی گئی ہے۔ادھرمتحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والا کنسرٹ جہاں شکیرا نے 4 اپریل کو پرفارم کرنا تھا، وہ بھی ملتوی کر دیا گیا ہے جب کہ ٹکٹ فراہم کرنے والے پلیٹ فارم نے اس کی وجہ واضح نہیں کی۔واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں سیاسی کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب 28 فروری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکا اور اسرائیل نے ایران کے خلاف مشترکہ کارروائی شروع کی۔اگرچہ قطر براہِ راست اس جنگ میں شامل نہیں، تاہم عمان، کویت، یو اے ای، سعودی عرب اور بحرین بھی ایرانی میزائل یا ڈرون حملوں کے خطرے کی زد میں رہے ہیں، جہاں متعدد حملے کیے گئے اور روکے گئے۔



