پیٹرول و گیس کی شدید قلّت؛ فلپائن کی حکومت نے بڑا اعلان کردیا

آبنائے ہرمز کی بندش اور خلیجی ممالک میں تیل تنصیبات پر حملوں کے باعث پیڑول و گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے فلپائن نے فیصلہ کن اقدام اُٹھالیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس جونیئر نے ملک میں قومی توانائی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔صدارتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث ایندھن کی فراہمی اور توانائی کے نظام کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔فلپائنی صدر کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، خصوصاً ایران سے جڑی صورتحال، عالمی تیل کی ترسیل کو متاثر کر سکتی ہے جس کے نتیجے میں فلپائن جیسے درآمدی ممالک کو شدید دباؤ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انرجی ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے کے بعد توانائی کے شعبے میں ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے۔ جن میں ایندھن کے ذخائر میں اضافے اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے توانائی کے متبادل ذرائع استعمال کرنے کو فروغ دیا جائے گا۔



