سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے کپتان ہاردک پانڈیا پر برس پڑے۔آئی پی ایل 2024 میں ممبئی انڈینز کی قیادت کرنے والے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کو ٹیم کی شکست پر سابق کرکٹرز اور شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اب سنیل گواسکر نے بھی ان کی کارکردگی پر تنقید کی ہے۔ہاردک پانڈیا کو چنئی سپر کنگز کے خلاف شکست کے بعد سنیل گواسکر نے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔پانڈیا پر تنقید اس لیے بھی ہورہی ہے کہ ممبئی انڈینز کی اننگ کے آخری اوور میں انہوں نے 26 رنز دیے جس میں مہندر سنگھ دھونی نے تین گیندوں پر تین چھکے بھی لگائے۔سنیل گواسکر نے اننگز بریک کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہاردک پانڈیا نے بے حد معمولی بولنگ اور معمولی کپتانی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ رتو راج گائیکواڈ کی شاندار بیٹنگ کے باوجود انہیں 185 سے 190 رن تک روکا جانا چاہیے تھا، یہ سب سے خراب بولنگ ہے جو میں نے کافی طویل عرصے کے بعد دیکھی ہے۔واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا نے تین اوور میں 43 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کی تھیں اور بیٹنگ میں صرف 2 رنز بناسکے، روہت شرما نے 63 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 105 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ممبئی کی ٹیم 207 رنز کے تعاقب میں 6 وکٹ پر 186 رنز ہی بناسکی۔
0