بین الاقوامی

نائجیریا میں موٹر سائیکل سواروں کا خونریز حملہ، 32 افراد ہلاک

نائجیریا کی شمالی ریاست نائجر میں موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد کے حملوں میں کم از کم 32 افراد ہلاک جبکہ درجنوں کو اغوا کر لیا گیا۔ عینی شاہدین اور مقامی پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے بورگو کے علاقے میں تین دیہات کو نشانہ بنایا۔ریاستی پولیس کے ترجمان واسیو ابیودون نے تصدیق کی کہ مسلح افراد نے ٹُنگا ماکیری گاؤں پر حملہ کیا جہاں چھ افراد جان سے گئے، متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی اور کئی افراد کو اغوا کیا گیا۔ بعد ازاں حملہ آور کونکوسو گاؤں کی طرف بڑھ گئے۔مقامی رہائشیوں کے مطابق کونکوسو میں فائرنگ کا سلسلہ صبح سویرے شروع ہوا اور حملہ آوروں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں۔ بعض رپورٹس میں ہلاکتوں کی تعداد 26 سے 38 تک بتائی گئی ہے۔ گاؤں میں پولیس اسٹیشن کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا اور متعدد افراد لاپتا ہیں۔خبر رساں اداروں کے مطابق حملہ آوروں نے پِیسا نامی گاؤں میں بھی کارروائی کی اور وہاں ایک شخص کو قتل کر دیا۔ علاقے کے بیشتر مکانات کو آگ لگا دی گئی ہے۔نائجر اور کوارا ریاستوں کی سرحد کے قریب واقع کینجی جنگل کو شدت پسند اور مسلح گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں بوکوحرام اور دیگر گروہ سرگرم رہے ہیں۔مقامی مذہبی و سماجی رہنماؤں نے صدر مملکت سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں مستقل فوجی اڈہ قائم کیا جائے تاکہ حملوں کا سلسلہ روکا جا سکے۔یاد رہے کہ امریکا کے صدر نے گزشتہ برس نائجیریا میں سیکیورٹی صورتحال پر تنقید کی تھی، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں مسیحیوں اور مسلمانوں دونوں کو شدت پسندی کا سامنا ہے اور کسی ایک مذہبی گروہ کو منظم طور پر نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button