
بیجنگ: چین نے کہا ہے کہ تائیوان چین کا حصہ ہے، بیرون طاقتوں کی علیحدگی کی سازشیں یقیناً ناکام ہونگی۔عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیئن نے یومیہ پریس کانفرنس میں لائی چنگ ڈے کے حالیہ غلط ریمارکس کے بارے میں کہا کہ لائی چنگ ڈے کے ریمارکس نے ایک بار پھر ’’تائیوان کی علیحدگی ‘‘ کی اس کی ضد کو بے نقاب کیا ہے۔لین جیئن کا کہنا ہے کہ لائی چنگ ڈے نے ثابت کر دیا ہے کہ وہ امن کو تباہ کرنے والا، بحران پیدا کرنے والا اور جنگ کی آگ کو ہوا دینے والا شخص ہے، انہوں نے کہا کہ یہ بیان ثابت کرتا ہے کہ تائیوان کی علیحدگی کی ضد آبنائے تائیوان میں عدم استحکام کی جڑ ہے۔انہوں نے کہا کہ لائی چنگ ڈے کچھ بھی کہے یا کرے وہ اس تاریخی اور قانونی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتا کہ تائیوان چین کی سرزمین کا حصہ ہے اور نہ ہی وہ اس بین الاقوامی اتفاق رائے کو تبدیل کر سکتا ہے جو ایک چین کے اصول کے حوالے سے عالمی برادری میں موجود ہے۔ترجمان نے کہا کہ چین کی وحدت کے تاریخی رجحان کو کوئی نہیں روک سکتا اور بالآخر یہ مکمل ہو کر رہے گا، انہوں نے کہا کہ غیر ملکی طاقتوں پر بھروسہ کرکے علیحدگی کی کوشش اور طاقت کے ذریعے چین کی وحدت کی مخالفت جیسی کوششیں یقیناً ناکام ہوں گی۔



