ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آسٹریلیا کو پیٹ کمنز کے بعد ایک اور بڑا دھچکا، اہم بولر سے محروم

آسٹریلیا کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔تفصیلات کے مطابق تجربہ کار فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ہیزل ووڈ 12 نومبر کو شیفیلڈ شیلڈ میچ کے دوران ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے اور اس کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیل سکے۔اگرچہ انہیں ابتدائی طور پر ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، تاہم آسٹریلوی سلیکٹر ٹونی ڈوڈیمیڈ کے مطابق ان کی مکمل فٹنس میں واپسی میں مزید وقت درکار ہے۔سلیکٹرز نے واضح کیا کہ ان کی بحالی کے عمل میں تیزی لانا خطرناک ہو سکتا ہے، تاہم فی الحال ان کا کوئی متبادل نامزد نہیں کیا جا رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ابتدائی میچز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، اگلے مرحلے میں ٹیم کی ضرورت کے مطابق کوئی فیصلہ کریں گے۔واضح رہے کہ پیٹ کمنز پہلے ہی انجری کے باعث ورلڈلپ سے باہر ہوچکے ہیں جبکہ مچل اسٹارک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔اس صورتحال کے باعث 2011 کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے ’بگ تھری‘ فاسٹ بولرز شامل نہیں ہوں گے۔اس وقت آسٹریلوی اسکواڈ میں صرف زیویئر بارٹلیٹ اور بین ڈوارشیئس مکمل فٹ فاسٹ بولرز ہیں جبکہ شان ایبٹ ریزرو کے طور پر موجود ہیں۔نیتھن ایلس اور ٹم ڈیوڈ کی دستیابی پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے اور کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ دونوں گروپ مرحلے کے لیے دستیاب ہوں گے۔فاسٹ بولرز کی کمی کے باعث آسٹریلیا ابتدائی میچز میں اسپن بولنگ پر زیادہ انحصار کر سکتا ہے جس میں ایڈم زیمپا، میتھیو کوہنیمن اور کوپر کونولی اہم کردار ادا کریں گے۔کپتان مچل مارش کا کہنا ہے کہ ٹیم میں موجود آل راؤنڈرز کی بدولت اسکواڈ متوازن ہے اور حالات کے مطابق ٹیم ترتیب دی جائے گی۔



