فرانس میں بچوں کے دودھ میں زہریلے مواد کا انکشاف، سخت پابندیاں عائد کردی گئیں

پیرس: فرانس نے بچوں کے دودھ (انفنٹ فارمولا) میں ایک خطرناک زہریلے مادے سیریولیڈ (Cereulide) کی قابلِ قبول مقدار پر مزید سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب ممکنہ طور پر آلودہ بچوں کے دودھ کی مصنوعات دنیا کے 60 سے زائد ممالک میں واپس منگوائی گئیں۔فرانسیسی حکام کے مطابق سیریولیڈ ایسا زہریلا مادہ ہے جو متلی، قے اور اسہال جیسی علامات پیدا کر سکتا ہے۔ حالیہ مہینوں میں کئی کمپنیوں نے احتیاطی طور پر اپنے دودھ کے بیچ واپس منگوائے، جس کے بعد عالمی سطح پر غذائی تحفظ پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے۔فرانس میں دسمبر اور جنوری کے دوران دو بچوں کی اموات کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا گیا، جن کے بارے میں شبہ ظاہر کیا گیا کہ انہوں نے ممکنہ طور پر آلودہ دودھ استعمال کیا تھا۔ تاہم تاحال دودھ اور بیماری یا اموات کے درمیان براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔فرانسیسی وزارتِ زراعت نے کہا ہے کہ بچوں کی صحت کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ نئے قواعد کے تحت سیریولیڈ کی حد 0.014 مائیکروگرام فی کلوگرام جسمانی وزن مقرر کی گئی ہے، جو اس سے پہلے 0.03 مائیکروگرام تھی۔ دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں یہ دوسری بار حد کم کی گئی ہے۔



