سفاک بھارتی کے ہاتھوں بیوی، 3 رشتہ دار قتل؛ بچوں نے الماری میں چھپ کر جان بچائی

امریکی ریاست جارجیا کے شہر لاورینس وِل میں معمولی گھریلو جھگڑا قتل کی ایک ہولناک واردات میں تبدیل ہوگیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قتل کی اس ہولناک واردات میں کم از کم 4 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جب کہ تین بچوں نے الماری میں چھپ کر اپنی جانیں بچائیں۔بچوں نے الماری کے اندر بند ہوکر موبائل فون سے پولیس کو کال کی اور چند منٹوں میں ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے تعاقب کے بعد سراغ رساں کتوں کی مدد سے ملزم کو گھر سے قریبی جنگل میں اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا جس کی شناخت 51 سالہ وجے کمار کے نام سے ہوئی۔وجے کمار سے جھگڑے کے بعد ان کی اہلیہ 43 سالہ مینو ڈوگرا اپنے 3 بچوں کو لے کر رشتہ داروں کے گھر آگئی تھیں جہاں وجے بھی پہنچ گیا۔اہلیہ کے ساتھ تلخ کلامی اور رشتہ داروں سے جھگڑے کے دوران وجے نے گولی چلادی جس سے ان کی بیوی مینو ڈوگرا اور 3 رشتہ دار مارے گئے۔فائرنگ کے وقت گھر میں 12، 10 اور 7 سال کے تین بچے بھی موجود تھے جنھوں نے خود کو الماری میں چھپالیا تھا۔ہلاک ہونے والے تین رشتہ داروں کی شناخت 38 سالہ ہریش چندر، 37 سالہ ندھی چندر اور 33 سالہ گورو کمار کے ناموں سے ہوئی۔



