معروف ہالی ووڈ اداکار گرفتار، جیل بھیج دیا گیا

ہالی ووڈ فلم ’ہائی اسکول میوزیکل 3‘ میں اپنے کردار سے شہرت پانے والے اداکار میٹ پروکوپ ایک بار پھر بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ اداکار کو ٹیکساس میں گرفتار کیا گیا ہے اور وہ اس وقت بغیر ضمانت جیل میں ہیں۔ہالی ووڈ اداکار پر بچوں کی فحش ویڈیوز رکھنے کے الزام سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار میٹ پروکوپ کو کرسمس کی شام ٹیکساس کے وکٹوریہ کاؤنٹی میں حراست میں لیا گیا۔مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تصدیق کی ہے کہ وہ بدستور کاؤنٹی جیل میں موجود ہیں اور ان پر گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے کا الزام بھی عائد ہے۔رپورٹ کے مطابق اداکار کی یہ گرفتاری مبینہ طور پر ایک سابقہ کیس سے جڑی ضمانتی شرائط کی خلاف ورزی کا نتیجہ ہے۔یہ ضمانتی شرائط مئی 2024 میں ہونے والی ایک گرفتاری سے متعلق تھیں، جس میں میٹ پروکوپ پر سنگین حملے اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ ضمانتی شرائط وہ قواعد ہوتے ہیں جو عدالت کی جانب سے ضمانت پر رہائی کے بعد ملزم پر عائد کیے جاتے ہیں، اور ان کی خلاف ورزی دوبارہ گرفتاری کا سبب بن سکتی ہے۔



