ممبئی / ڈھاکا: بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کو دیکھنے کیلئے بنگلا دیش کے شہر ڈھاکا کے سینماؤں کے باہر رش لگ گیا۔ میگا بجٹ اور میگا کاسٹ بلاک بسٹر ’پٹھان‘ ہندی سینما کی وہ پہلی فلم بن گئی ہے جو پچاس برس کے وقفے کے بعد بنگلادیش میں ریلیز ہوئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کنگ خان کی فلم کی ریلیز سے بنگلادیش میں شاہ رخ خان کے مداح بہت پرجوش ہیں اور وہ ٹولیوں کی شکل میں سینما کا رخ کررہے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایک مداح کا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش ہیں کہ ایک ہندی فلم بنگلا دیش میں ریلیز ہورہی ہے اور وہ پہلی مرتبہ شاہ رخ کو ایک بڑی اسکرین پر دیکھیں گے۔ایکشن سے بھرپور فلم نے اب تک پوری دنیا سے 1040 کروڑ تک بزنس کرکے ہندی سینما کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔جاسوسی تھرلر یش راج پروڈکشن ہاؤس کی چوتھی فلم ہے اور اسے 25 جنوری کو پوری دنیا میں ریلیز کیا گیا تھا۔